تیراہ میں جھڑپ، 18 جنگجو ہلاک، 2 اہلکار شہید، میرانشاہ میں بم حملہ، 2 اہلکار جاں بحق

پشاور / میرانشاہ / نوشہرہ: خیبرایجنسی کے علاقہ تیراہ میںسیکیورٹی فورسزنے کامیاب آپریشن کرکے عسکریت پسندوں کے 2 اہم ٹھکانوں کا کنٹرول سنبھال لیا ، جھڑپ 18 شدت پسند ہلاک ، 10 زخمی جبکہ 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ اے ایف پی کے مطابق فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات تیراہ میں ایک کامیاب آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے 2 مضبوط ٹھکانوں قسمت سر اور سنگھر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ، اس دوران جھڑپ میں 18 شدت پسند ہلاک اور 10 زخمی ہوئے جبکہ 2 اہلکارشہید اور 3 زخمی ہوئے۔ کارروائی کے بعد شدت پسند علاقے سے فرار ہوگئے اور اسلحہ وبارود کی بھاری کھیپ چھوڑدی ۔رپورٹ کے مطاق سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میںکیپٹن نسیم اور 2 سپاہی شامل ہیں جنہیں کلایہ اسپتال پہنچا دیاگیا ہے۔ ادھر میرانشاہ رزمک روڈپرسکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بم دھماکہ اس وقت کیا گیا جب درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بنوں جارہا تھا، ایک گاڑی دھماکے کی زد میں آکر تباہ ہوگئی۔ ایک اور واقعے میں اورکزئی ایجنسی کو ہنگو سے جانے والی شاہراہ پر سرطو کنڈاؤ کے مقام پر فورسز کی ایک گشتی ٹیم نے 2 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا۔ہنگو میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران شدت پسند کمانڈر بلال سمیت 22افراد کو حراست میں لے لیا ۔

تبصرے بند ہیں.