تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم کو 5 برس قید کی سزا سنادی گئی

بنکاک: 

تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم ینگ لُک شیناوترا کو فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں پانچ برس قید کی سزا سنادی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم ینگ لُک شیناوترا کو فرائض میں غفلت کا مجرم ٹھہراتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں انہیں پانچ برس قید کی سزا سنائی۔ شیناوترا پر الزام تھا کہ انہوں نے چاول پر سبسڈی کی اسکیم میں ہونے والی بدعنوانی کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔

سپریم کورٹ کے 9 ججز کو شیناوترا کو دی جانے والی سزا کی تفصیلات پڑھ کر سنانے میں 4 گھنٹے لگے۔ ججز نے کہا کہ شیناوترا پر لگائے جانے والے الزامات درست ثابت ہوئے ہیں اور انہیں پانچ برس قید کی سزا سنائی جاتی ہے جو معطل نہیں ہوگی۔ تھائی لینڈ میں فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنے پر زیادہ سے زیادہ 10 برس قید کی سزا ہے تاہم ججز نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے شیناوترا کو 5 برس قید کی سزا کیوں سنائی۔

تبصرے بند ہیں.