تنخواہوں میں اضافہ حالات دیکھ کر کریں گے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ نئے مالی سال کے بجٹ سے تین روز قبل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کو 2345 ارب روپے کا ٹیکس ہدف پورا کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد: () وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہ کرنے کی بات نہیں کی۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ اس حوالے سے فیصلہ بجٹ سے قبل افراط زر اور حالات کو دیکھ کر کرے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 2345 ارب روپے کا ٹیکس ہدف پورا کرنے کیلئے اپریل سے جون کے دوران ماہانہ 257 ارب روپے جمع کرنا ہونگے۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹیکس ہدف پورا کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ ہدف پورا نہ ہو سکا تو مالیاتی خسارے پر اثر پڑ سکتا ہے جو کسی کے لئے بھی خوش آئند نہیں ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس محاصل میں 16 فیصد اضافہ خوش آئند ہے۔ ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر بہتر ہونے سے پاکستان کے ذمہ قرضوں میں 800 ارب روپے کی کمی آئی۔ ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری کا اجراء ایک بڑی کامیابی ہے۔ جنرل ٹیکس ڈائریکٹری بھی شائع کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.