بی جے پی کے سینئر رہنما ایل کے ایڈوانی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آئندہ پارلیمانی الیکشن کی کمان نریندرمودی کو سونپے جانے پر بی جے پی کے سینئر رہنما ایل کے ایڈوانی نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو آئندہ پارلیمانی الیکشن کی کمان کی ذمہ داری سونپنے پر ایل کے ایڈوانی نے ناراض ہو کر بی جے پی کے تمام عہدوں سے استعفی دے دیا ہے دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے ان کے استعفیٰ کو ابھی تک قبول نہیں کیا ، ایل کے ایڈوانی کے استعفٰی کی خبر نہ صرف ان کی اپنی جماعت پر بجلی بن کر گری بلکہ اس پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے بھی اپنی حیرت کا اظہار کیا۔ گزشتہ روز جب گوا میں پارٹی کے اجلاس کے دوران گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کو آئندہ پارلیمانی الیکشن کی کمان سونپی گئی تو پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ کے الفاظ ایڈوانی خیمے کے لئے خاصے تکلیف دہ ثابت ہوئے، راج ناتھ سنگھ نے اس اعلان کے دوران مودی کی شان میں نہ صرف قصیدے پڑھے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئےانتہائی سکون محسوس ہو رہا ہے،دوسری جانب سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ایڈوانی نے پارٹی پر دباؤ بڑھانے کے لئے استعفیٰ دیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.