بھارتی مداح فرحان کے بیان سے ناراض، گلوکار نے کیسے منایا؟

بھارت کی بات نہیں کی بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی بات کی ہے جو کھیل اور آرٹ میں سیاست کو لا رہے ہیں: فرحان سعید

چھ روز قبل ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی جس پر فرحان سعید نے نجی ٹی وی پرگفتگو کی تھی۔

گلوکار نے کہا ‘اگر بھارت ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے ورلڈکپ کے دوران پاکستان سپر لیگ رکھے اور تمام پاکستانی وہ میچز دیکھیں اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کریں، اس قسم کی حرکتیں بہت عرصے سے ہورہی ہیں، پاکستان کو اس پر اپ سخت ردعمل دینا چاہیے، کسی سے ڈرنا نہیں چاہیے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ بھارت کو یہ سوچنا چاہیے کہ اب ہماری وہ حالت نہیں کہ ورلڈکپ میں ہمیشہ ہاریں گے، اب ہم انہیں منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں’۔

صارف نے انسٹااسٹوری میں کہا کہ ’تمام بھارتی مداحوں کو فرحان سعید کے ان الفاظ سے دکھ ہوا، وہ انہیں بہت پسند کرتے ہیں لیکن اس سے بھی زیادہ وہ اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں‘۔

ناراض صارف کی اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے فرحان سعید نے اپنے اس بیان کی وضاحت پیش کی کہ ’انہوں نے اپنی گفتگو میں بھارت کی بات نہیں کی بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی بات کی ہے جو کھیل اور آرٹ میں سیاست کو لا رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے بھارت سے بہت پیار ملا ہے جس کی میں قدر کرتا ہوں، یہ صرف اسی لیے ہے کیونکہ بارڈر کے دونوں اطراف لوگ سیاست سے بڑھ کر سوچتے ہیں اور ایسا ہی ہونا چاہیے‘۔

تبصرے بند ہیں.