بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ اورگولا باری

کوٹلی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پربلااشتعال گولا باری اور فائرنگ کی ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے تاہم پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ دوسری جانب بھارتی جارحیت سے خوفزدہ ہو کر نکیال سیکٹر کے قریبی دیہات سے عوام نے نقل مکانی شروع کردی ہے جن کے لئے مہاجر کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں اور نکیال سیکٹر میں واقع 50 گھرانے نقل مکانی کرکے مہاجر کیمپ پہنچ بھی چکے ہیں جنہوں نے عالمی برادری سے بھارتی جارحیت پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آرہا اور بھارتی فوج کنٹرول لائن پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے لیکن ہمیشہ کی طرح خلاف ورزی کا الزام الٹا پاکستان پر لگادیا جاتا ہے

تبصرے بند ہیں.