بلدیاتی انتخابات کا تیسرامرحلہ؛ بیلٹ پیپرزکی چھپائی فوج کی نگرانی میں جاری

اسلام آباد: سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے پنجاب کے 12 اور سندھ کے 6 اضلاع میں 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی جب کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔

سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں سیکریٹری داخلہ پنجاب، سیکریٹری بلدیات، آئی جی، ڈی جی ملٹری سمیت الیکشن کمیشن کے حکام سمیت تمام بارہ اضلاع کے ڈی آر اوز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب کے لئے 3 کروڑ 41 لاکھ 7 ہزار911 بیلٹ پیپرز جب کہ سندھ میں 1 کروڑ57 لاکھ 67 ہزار674 بیلٹ پیپرز چھاپے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا سلسلہ فوج کی نگرانی میں جاری ہے،انتخابات کے لیے  پنجاب کے12 اضلاع جب کہ سندھ میں کراچی کے 6 اضلاع میں پولنگ ہوگی۔ 5 دسمبر کو پنجاب کے جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور،سیالکوٹ سمیت مظفرگڑھ ،لیہ ،رحیم یارخان، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، جھنگ اورراجن پور شامل ہیں۔ جب کہ پنجاب میں چیرمین،وائس چیرمین کے لئے نیلے رنگ کابیلٹ پیپرہوگا۔

تبصرے بند ہیں.