برمنگھم ٹیسٹ؛ انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 297 رنز پر آؤٹ

برمنگھم: تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 297 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ سہیل خان نے 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد پش اپ لگا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ 

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز 297 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کو پہلا نقصان 36 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب ایلکس ہیلز 17 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر وکٹ کے پیچھے آؤٹ ہوئے، 48 کے مجموعے پر جوئے روٹ سہیل خان کا دوسرا شکار بنے جب کہ 75 رنز پر الیسٹر کک راحت علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ جیم ونز اور گرے بیلنس نے چوتھی وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن سہیل خان نے ونز کو 39 اور جونی بریسٹو کو 12 رنز پر آؤٹ کرکے اپنے 4 شکار مکمل کیے۔ معین علی اور گرے بیلنس نے چھٹی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے، بیلنس 70 اور معین علی 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے دیگر کھلاڑیوں میں کرس ووکس 9، اسٹورٹ براڈ 13 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے سہیل خان نے 5، راحت علی اور محمد عامر نے 2،2 جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.