ا یم کیو ایم کا وفاق اور سندھ میں اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ

کراچی: ایم کیوایم نے فیصلہ کیا ہے قومی اور سندھ اسمبلی میں اس کے منتخب ارکان اپوزیشن نشستوں پر بیٹھیں گے۔ ایم کیوایم کی پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کے منتخب ارکان قومی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نشستوں پر بیٹھیں گے جب کہ قومی اسمبلی میں ڈاکٹر فاروق ستار پارلیمانی لیڈر اور رشید گوڈیل ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فیصل سبزواری اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن ہوں گے، ایم کیوایم کل ہونے والے وزیر اعلیٰ سندھ کے انتخاب میں بھی حصہ لے گی اور سینئر پارلیمینٹیرین سید سردار احمد متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے امیدوار ہوں گے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے خواجہ اظہار الحسن اور ہیر سوہو نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 18 اور سندھ اسمبلی میں 37 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ملاکر قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد 23 اور سندھ اسمبلی میں 46 ہوگئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.