اے این پی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کا دوبارہ عملی سیاست میں آنے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کی والدہ بیگم نسیم ولی خان نے پارٹی قیادت کو نااہل قرار دیتے ہوئے دوبارہ عملی سیاست میں آنے کا اعلان کردیا۔ چار سدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیگم نسیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں میرا سیاست میں آنا ناگزیر ہے، اسفند یار ولی نے پارٹی کارکنان کو مایوس کردیا، جلد لویہ جرگہ بلا کر پارٹی کو منظم اور ناراض کارکنان کو مناؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ناکامی کی وجہ سے پارٹی نے ساکھ کھو دی، 6 سال سے پارٹی سے رابطہ نہیں تھا اس دوران اے این پی کو گمنامی میں دھکیل دیا گیا، میری کتاب میں اعظم ہوتی، اسفند یار ولی اور امیر حیدر ہوتی کا نام نہیں، پارٹی کارکنان میرا ساتھ دیں۔ بیگم نسیم ولی خان نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ اے این پی کی از سر نو تعمیر کے لئے ان کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ میں بوڑھی ضرور ہوں لیکن جذبہ جوان ہے، پارٹی میں چور اچکوں کے لئے کوئی جگہ نہیں، صاف ستھرے لوگ تیار ہو جائیں جلد جرگے کا انعقاد کر کے نئے لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.