این اے 122 میں دھاندلی کی گئی تو حکومت نہیں چلنے دیں گے، عمران خان

لاہور: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ اگر این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو ایسا احتجاج کریں گے کہ حکومت کا چلنا ناممکن ہوجائے گا۔

لاہور میں این اے 122 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کہ (ن) لیگ نے علیم خان پر الزامات لگائے اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی، (ن) لیگ سمجھتی ہے کہ پولیس کی موجودگی میں این اے 122 کا انتخاب ہم آرام سے جیت جائیں گے مگر یہ ان کی بھول ہے جب کہ انہیں لودھراں میں شکست نظر آئی تو اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپ گئے۔ انہوں نے کہا میرا دل کہتا ہے کہ ضمنی انتخاب کا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آئے گا کیوں کہ لوگوں کی آنکھوں میں مجھے نظر آتا ہے کہ وہ فیصلہ دے چکے ہیں مگر (ن) لیگ والے دوبارہ وہی دھاندلی کے ذریعے جیتنے کی کوشش کریں گے اگر ایسا ہوا تو ہم دوبارہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے اور حکومت کا چلنا مشکل بنا دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وقت آنے پر نوازشریف کی طرح جدہ نہیں بھاگوں گا، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے، نوازشریف اپنے درباریوں کے ذریعے مجھے غدار نہ کہلاوائیں اگر ہمت ہے تو مجھ سے ملاقات کریں اور خود بات کریں جب کہ عمران خان کو یہ قوم اس وقت سے جانتی ہے جب وہ بیرون ملک میدانوں میں پاکستان کا پرچم بلند کرتا تھا، غدار تو وہ ہیں جو ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر بھجواتے ہیں کیونکہ اسحاق ڈار نے خود تسلیم کیا وہ نوازشریف کے لیے منی لانڈرنگ کرتے ہیں اور اس پر برطانوی نشریاتی ادارے کی ڈاکیومینٹری بھی موجود ہے۔

تبصرے بند ہیں.