ایم کیو ایم کے ساتھ بات کرنے کیلئے تیار ہیں، مسئلہ الطاف حسین کی تقاریر کا ہے: چودھری نثار

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں لیکن مسئلہ الطاف حسین کی تقاریر کا ہے۔ معاملات بہتر ہونے میں بہت وقت لگے گا۔

اسلام آباد: ) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ جو پالیسی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنائی ہے اس سے معاملات بگڑ چکے ہیں۔ اب ایم کیو ایم کے معاملات بہتر ہونے میں بہت وقت لگے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم ایم کیو ایم کے ساتھ ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں تاہم مسئلہ الطاف حسین کی تقاریر کا ہے۔ ایم کیو ایم والے الطاف حسین کو سمجھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے سوائے تمام جماعتیں متفق ہیں۔ ایم کیو ایم والے جو اعدادوشمار بتاتے ہیں وہ سراسر غلط ہیں۔ کراچی میں ایم کیو ایم کیخلاف آپریشن نہیں کیا جا رہا۔ حکومت، پاک فوج اور پارلیمنٹ ایم کیو ایم کے خلاف نہیں ہیں۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پچھلے پانچ سالوں میں اتنا امن و امان نظر نہیں آیا جتنا پچھلے سال جولائی میں کراچی میں نظر آیا۔ یہ تمام آپریشن کے ثمرات ہیں جن کو تسلیم کرنا پڑے گا۔

 

تبصرے بند ہیں.