ایران کے لیے فیری سروس کے انتظامات کرلیے،کامران مائیکل

کراچی: وفاقی وزیربندرگاہ وجہاز رانی سینیٹرکامران مائیکل نے کہا ہے کہ ایران کے لیے فیری سروس کے انتظامات مکمل کرلیے، حتمی فیصلہ 29 اکتوبر کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں منگل کوصنعتکاروں سے خطاب اورصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیارتوں کے لیے ایران جانے والے زائرین کے لیے فیری سروس کا کرایہ بس سے زیادہ لیکن ہوائی جہاز سے نصف ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے سبزیاں اور پھل کی دبئی کے لیے برآمد بھی اسپیڈ بوٹس کے ذریعے جلد شروع کی جائیں گی۔

کامران مائیکل نے بتایا کہ حج اور عمرے کے لیے44 یوم کا بحری سفر عازمین کے لیے تکلیف دہ مرحلہ ہے جس کی وجہ سے تفصیلی غور وخوض کے بعد یہ منصوبہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مختلف مسائل کے حل سے متعلق کہا کہ کسی کے پاس جادو کی چھڑی نہیں لیکن حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہوچکا ہے،گوادربندرگاہ پاکستان کامستقبل ہے اور اس بندرگاہ سے منسلک انڈسٹری، ویئرہاؤسز اوردیگر منصوبوں کے لیے22ہزار ایکڑ سے زائد اراضی حاصل کرلی گئی ہے، کچھ دنوں میں چینی وفد پاکستان آئے گا اور یہ زمین ان کے حوالے کردی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.