آئی پی گیس منصوبہ کے صرف 60کلومیٹرپرکام باقی رہ گیا، مرتضیٰ جتوئی

کراچی: وفاقی وزیر صنعت و پیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے صرف60کلو میٹر حصے پر کام باقی رہ گیا ہے جس کی تکمیل اور ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، انڈیا پائپ لائن (تاپی) سمیت ایل این جی ٹرمینلز کے قیام سے یقینی طور پر پاکستان کو 2018 تک گیس بحران سے مکمل نجات مل جائے گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں وصنعت کاروں سے خطاب میں انھوں نے کہاکہ ایران پر پابندیوں کے خاتمے سے آئی پی منصوبے میں تیزی آئے گی اور پائپ لائن کا بقیہ رہ جانے والا60کلومیٹر کام بھی جلد مکمل ہو جائے گا، حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو درپیش توانائی بحران پر2018کے اختتام تک قابو پالیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلی حکومت نے توانائی بحران کو دور کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجے میں 12 ہزار میگا واٹ بجلی کی قلت پیدا ہوئی، بجلی بحران موجودہ حکومت کو ورثے میں ملا تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف کی اولین توجیح ہے کہ اس بحران سے جلد ازجلد نمٹا جائے، حکومت بجلی کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ہائیڈرو، گیس، کول، سولر اور ونڈ پاور پلانٹ کا قیام عمل میں لاکر بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.