انگلینڈ سے سیریز، پاکستان کی نگاہیں دوسری پوزیشن پر مرکوز

دبئی: پاکستان کی نگاہیں ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر لگ گئیں، انگلینڈ کے خلاف منگل سے شروع ہونے والی سیریز میں 2-0 کی فتح سے گرین کیپس کو جنوبی افریقہ کے بعد دنیا کی بہترین سائیڈ کا اعزاز حاصل ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز منگل سے ابوظبی میں شروع ہورہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 22 ٹیسٹ سیریز ہوچکیں جن میں سے انگلش ٹیم کو 9 اور گرین کیپس کو 7 میں کامیابی حاصل ہوئی، باقی 6 ڈرا ہوئیں۔ متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی گئی گذشتہ سیریز میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3-0 سے کلین سویپ کامیابی حاصل کی تھی۔

تب انگلش ٹیم کوٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل تھی۔ اس بار جب دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں تو انگلینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان ایک پوائنٹ کی کمی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے تاہم دونوں ہی ٹیموں کے پاس 106 پوائنٹس کی حامل آسٹریلوی ٹیم سے دوسری پوزیشن چھیننے کا موقع موجود ہے تاہم اس کیلیے سیریز میں 2-0 یا اس سے بہتر مارجن کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ اگر پاکستان یہ سیریز 3-0 سے جیت جاتا ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 108 ہوجائے گی، 2-1 سے کامیابی کی صورت میں 105 پوائنٹس ہوں گے جوکہ کینگروز کو اپنی جگہ سے ہٹانے کیلیے ناکافی مگر تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلیے کافی ہوں گے اسی طرح 2-0 سے فتح سے گرین کیپس کے 106 پوائنٹس ہوجائیں گے اور وہ اعشاریائی پوائنٹس کی بنیاد پر آسٹریلیا سے آگے نکل جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.