انڈونیشیا میں لینڈنگ کے دوران طیارے کو حادثہ، 2 مسافر زخمی
جکارتہ: انڈونیشیا میں مقامی ایئرلائن کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے باعث 2 مسافر زخمی ہو گئے۔ انڈونیشیا کی مقامی ایئرلائن ’’میرپتی نصانترا‘‘ کے طیارے ایم اے 60 میں 52 مسافر سوار تھے، لینڈنگ کے دوران طیارہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے باعث 2 مسافر کھڑکیوں کے ٹوٹے ہوئے شیشے لگنے کے باعث زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال میں ضروری طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ اتنی بری طرح تباہ ہوا ہے کہ اسے دوبارہ پروازوں کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ مئی 2011 میں بھی اسی ایئرلائن کا طیارہ ایم اے 60 مغربی پاپوا صوبے میں حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں 25 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ میر پتی ایئرلائن پر یورپی یونین کی فضائی حدود میں 2007 سے پابندی عائد ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں بھی انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں مسافر طیارہ اس وقت حادثے کا شکار ہوگیا تھا جب پائلٹ سے طیارہ بے قابو ہوکر رن وے سے پانی میں پھسل گیا،جس کے بعد طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے تھے، حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے
تبصرے بند ہیں.