جکارتا: انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے جس میں 2 افراد ہلاک، 15 زخمی اور درجن سے زائد گھر تباہ ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں زلزلے نے تباہی مچادی۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز جزیرے سماترا سے 43 کلومیٹر دور شمال مشرقی علاقے سائیبولگا میں 13 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی رہائشی گھروں سے نکل آئے اور میدان میں جمع ہوگئے۔ امدادی کاموں کے دوران دو آفٹر شاکس زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے جن کی شدت 5.0 تھی۔زلزلے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا جب کہ دیگر زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 20 گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں زلزلے کے جھٹکے عام بات ہیں رواں برس فروری میں 6.2 شدت کے زلزلے میں 25 افراد جاں بحق اور 450 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ برس جنوری میں اتنی شدت کے زلزلے میں 100 سے زائد جاں بحق اور 7 ہزار کے لگ بھگ زخمی ہوگئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.