امریکا پاکستان کیساتھ نیو کلیئر ڈیل کر سکتا ہے ؛ واشنگٹن پوسٹ

واشنگٹن /  اسلام آباد: امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا ایک ایسے سمجھوتے کے بارے میں مذاکرات کر رہے ہیں جس کانتیجہ دونوں ممالک کے درمیان سول نیوکلیئرڈیل کی صورت میں نکل سکتاہے۔

امریکی صحافی ڈیوڈ اگنیشئس( David Ignatius)نے اخبارمیں شائع اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ وائٹ ہاؤس جس چیز پرکام کررہا ہے وہ ایک بڑاسفارتی دھماکاہوسکتا ہے اور اس کے ذریعے ممکنہ طور پر پاکستان کے جوہری ہتھیاروں اوراس کے استعمال کونئی حدود میںلایا جاسکتا ہے،اگرایسا ہوگیا توایک ایسے پاک امریکا سول نیوکلیئر ڈیل کی راہ ہموار ہوجائے گی جیسا معاہدہ امریکا نے2005میں بھارت کے ساتھ کیا تھا۔اخبار نے معاملے پرپیشرفت سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے لکھاکہ پاکستان کو نئی حدود’’بریکٹس‘‘کے بارے میںغورکرنے کامشورہ دیاگیاہے۔

اخبارنے لکھاکہ پاکستان ممکنہ طورپر اپنے نیوکلیئر پروگرام اوراس کے استعمال کو اپنی اصل دفاعی ضروریات یعنی بھارت کیخلاف استعمال تک محدودکرسکتا ہے۔اخبار نے اس کی مثال دیتے ہوئے لکھاکہ پاکستان ایک مقرر فاصلے سے زیادہ دور تک مارکرنے والے میزائل نصب نہ کرنے پر راضی ہو سکتا ہے، اس کے بدلے میں پاکستان کو48 رکنی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کیلیے امریکی حمایت مل سکتی ہے تاہم ذرائع کے مطابق پاکستان اورامریکا کے درمیان اس معاملے پرمذاکرات سست روی کاشکار ہونگے کیونکہ پاکستان اپنے جوہری پروگرام کو ایک اعزازسمجھتا ہے اورہوسکتا ہے کہ پاکستان اپنے جوہری پروگرام کو نئی حدود میں لانے پر راضی نہ ہو۔

تبصرے بند ہیں.