امریکا پاکستانیوں کی خوشحالی کیلیے پرعزم ہے، صدر اوپک

اسلام آباد: امریکا کی اوور سیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن (اوپک) کی صدر اور سی ای او ایلزبتھ ایل لٹل فیلڈ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور پاکستانی لوگوں کی خوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔ اوپک پاکستان میں امریکی نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کررہی ہے۔ ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہمارے تعاون سے شروع کیے گئے منصوبے ماضی کی کوششوں کو آگے بڑھانے اور مزید خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے کس طرح پیش رفت کررہے ہیں۔ وہ رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی جس میں پاکستان کے کاروباری رہنماؤں، حکومتی حکام اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی امریکی کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی۔ اوپک کا وفد اپنے سرمایہ کاری کے منصوبوں میں سے ایک آغا خان ہاسپٹل اینڈ میڈیکل فاؤنڈیشن کا بھی دورہ کرے گا، کراچی میں واقع یہ منصوبہ پاکستان میں سماجی بہبود کے کاموں کے لیے جانا جاتا ہے۔لٹل فیلڈ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور پاکستانی لوگوں کی خوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اوپک پاکستان میں امریکی نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کررہی ہے اور ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہمارے تعاون سے شروع کیے گئے منصوبے ماضی کی کوششوں کو آگے بڑھانے اور مزید خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے کس طرح پیش رفت کررہے ہیں۔ لٹل فیلڈ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول اور پاکستانی کاروباری افراد کے ساتھ امریکی سرمایہ کاروں کے اشتراک کے نئے مواقع سے آگہی حاصل کرنے کے لیے معروف کاروباری رہنماؤں اور حکومتی حکام سے ملاقات کریں گی۔ پاکستان کی طویل مدتی معاشی ترقی میں توانائی کے شعبے کی بنیادی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے اوپک اس جانب توجہ مرکوز کرے گی کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے خواہشمند سرمایہ کاروں کے ساتھ کس طرح تعاون کیا جاسکتا ہے۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکی حکومت کے ترقیاتی مالیاتی ادارے کی حیثیت سے اوپک پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپک کی صدر لٹل فیلڈ کا دورہ پاکستان گزشتہ ماہ دبئی میں ہونے والی کامیاب پاک امریکا کاروباری کانفرنس کی پیش رفت کو تقویت دیتا ہے اور اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کا مستقبل تجارت و سرمایہ کاری ہیں۔

تبصرے بند ہیں.