امریکا :اوکلاہوما میں طوفان نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک
واشنگٹن: امریکی شہر اوکلاہوما میں طوفان کے باعث 5 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، ریاست نے علاقے میں بحالی کے لئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہوا کے بگولوں اور طوفان نے ایک بار پھر اوکلاہوما میں تباہی مچادی ہے، مکانات کی چھتیں اڑنے، درخت گرنے اور ٹریفک حادثات جیسے واقعات میں اب تک 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 70 سے زائد زخمی ہیں۔ طوفان نے سب سے زیادہ تباہی مضافاتی علاقوں میں پھیلائی ہے، درخت گرنے كے باعث کئی سڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہیں۔ شدید طوفان نے مواصلاتی نظام كو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، اس کے علاوہ 22 ہزار سے زائد شہری بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کركے امدادی كارروائیاں شروع كردی گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ میں امریکی ریاست اوکلاہوما میں ہوا کے بگولوں اور طوفانی باد و باراں کے باعث 24 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.