افغان فورسز نے کابل ائیرپورٹ پر طالبان کا حملہ پسپا کردیا، 7 حملہ آورہلاک
کابل: افغان فورسز نے ائرپورٹ پر طالبان کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 7 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں دو عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح عسکریت پسندوں نے پیر کی علی الصبح بھاری ہتھیاروں سے کابل ائیرپورٹ پر حملہ کیا، فائرنگ اور راکٹ حملوں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے شہر کا بڑا حصہ گونج اٹھا۔ حملے کے بعد امریکی سفارتخانے میں ہنگامی الارم بجا دئیےگئے اور عملے کو محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا، جس کے نتیجے میں 7 مبینہ حملہ آاور ہلاک ہوگئے ، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے تاہم ہوائی اڈے پر ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کابل پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ طالبان نے دو ماہ قبل غیرملکی فوجی اڈوں اور سفارتی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد اہم تنصیبات اور عمارات کی سیکیورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.