افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 8 طالبان جنگجو ہلاک

کابل / برلن: افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں8 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے دوسری طرف پاکستانی سرحد کے قریب واقع شہرجلال آباد میں یونیورسٹی کے طلبہ کی طرف سے داعش کے حق میں نعرے لگانے پر27 طلبہ کو گرفتار کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار کے صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون حملہ ضلع بحسود میں کیا گیا جہاں جنگجو کسی دوسری جگہ منتقل ہورہے تھے تاہم انھوں نے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ اس سے قبل گزشتہ روز صوبے میں ڈرون حملے میں طالبان کے فرضی ضلعی گورنر سمیت13جنگجو مارے گئے تھے۔

ڈرون حملہ ضلع کھوگیانی میںکیاگیا جس میںضلعی فرضی گورنرنوراحمد کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفرکررہا تھا۔ دوسری طرف افغان حکام نے جلال آباد سے داعش کے حق میں نعرے لگانے والے27 طلبا کو گرفتارکرلیا، ان میں سے متعدد گزشتہ ہفتے داعش کے حق میں ہونے والے ایک مظاہرے میں شامل تھے۔ ننگرہار کے گورنر سلیم خان قندوزی نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ افغان سیکیورٹی فورسز نے ننگرہاریونیورسٹی کے ہاسٹل پرمنگل اوربدھ کی درمیانی شب چھاپہ مارا۔ ننگرہار کے پولیس سربراہ احمد شیرزاد نے کہاکہ گرفتار ہونے والے طلبا نے حکومت مخالف شدت پسندگروہوںسے وابستہ ہونے کااعتراف کرلیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.