اسپورٹس تنازع پر عارف حسن نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

کراچی: پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سید عارف حسن نے کہا ہے کہ آئی او سی نے پاکستان پر پابندی لگائی تو اس سے دنیا بھر میں ملک و قوم کی بدنامی ہوگی۔ میری کوشش اور خواہش ہے کہ ایسا نہ ہو مگر چند افراد اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملکی عزت داؤ پر لگانے کے درپے ہیں، میں نے اس ضمن میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کو باضابطہ طور پر خط تحریر کر دیا، اب جواب کا انتظار ہے، سوئٹزرلینڈ میں آئی او سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر  گفتگو میں انھوں نے کہا کہ آئی او سی نے پی ایس بی کی قائم کردہ عبوری کمیٹی کو غیر قانونی قرار دے دیا اور واضح طور پر متنبہ کیاکہ وہ اولمپک کا نام اور لوگو استعمال نہ کرے۔عارف حسن نے کہا کہ آئی او سی نے وضاحت کر دی کہ عبوری کمیٹی کی جانب سے5 جولائی کو پی او اے کے انتخابات کا انعقاد اولمپک چارٹر کے منافی اور غیر قانونی ہوگا،انتخابات کرائے جانے کی صورت میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان پر پابندی عائد کر دے گی، جنرل (ر) عارف نے کہا کہ میں نے اس اہم معاملے پر وزیر اعظم سے رجوع کر کے ملاقات کی استدعا کی ہے تاکہ انھیں حقائق سے آگاہ کیا جا سکے، یقین ہے کہ وہ اس اہم قومی مسئلے کو اہمیت دیں گے،ایک سوال پر عارف حسن نے کہا کہ پی او اے نے پی ایس بی کو اسپورٹس پالیسی لاگو کرنے سے ہر گز نہیں روکا لیکن وہ الحاق شدہ فیڈریشنز پر ہی لاگو ہوتی ہے، سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے پہلے ہی اسپورٹس پالیسی پر نظر ثانی کے لیے کہہ دیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.