نئی دہلی: آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث راجستھان رائلز کے فاسٹ بولر شری شانتھ اور انکیت چھاون کو تہاڑ جیل سے رہائی مل گئی۔ ایک اور کرکٹر اجیت چنڈیلا کو عدالت سے رجوع نہ کرنے پر مزید جیل کی دال روٹی پر گزارا کرنا پڑے گا۔ شری شانتھ کا کہنا ہے کہ یہ 27 دن میں نے انتہائی کرب میں گزارے، مجھے اپنی بے گناہی بھی ثابت ہونے کا پورا یقین ہے۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کے دوران ہی پولیس نے راجستھان رائلز کے تین کرکٹرز شر شانتھ، انکیت چھاون اور اجیت چنڈیلا کو حراست میں لیا گیا تھا ان سے پوچھ گچھ کے بعد مزید 17 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں مبینہ بکیز اور پنٹرز وغیرہ شامل تھے۔ پولیس نے ان سب کو مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کے تحت کیس چلانے کی کوشش کی مگر دہلی کی ایک ٹرائل کورٹ نے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تمام افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جس پر گذشتہ روز شری شانتھ اور چھاونکو تہاڑ جیل سے آزاد کردیا گیا مگر ان کے ساتھی اجیت چنڈیلا کو ابھی مزید وہاں رہنا پڑے گا کیونکہ انھوں نے ضمانت کیلیے درخواست ہی نہیں دی تھیجیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شری شانتھ نے کہا کہ میں بہت خوش اور اپنے وکلا کا شکر گزار ہوں، یہ 27 روز میں نے انتہائی کرب میں گزارے، مجھے بھارتی عدالتی نظام پر پورا اعتماد اور اس بات کا یقین ہے کہ میری بے گناہی جلد ثابت ہوجائیگی۔ دوسری جانب شری شانتھ کے اہل خانہ ان کی ضمانت پر کافی خوش ہیں، ان کی والدہ ساوتری دیوی کا کہنا ہے کہ بیٹے کی رہائی کا سن کر مجھے نئی زندگی مل گئی ہے۔ واضح رہے کہ ان تینوں کرکٹرز کو بھارتی کرکٹ بورڈ پہلے ہی تحقیقات کی تکمیل تک معطل کرچکا ہے، ان کے خلاف بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ روی سوانی نے اپنی رپورٹ بھی ورکنگ کمیٹی کو پیش کردی جس کا جلد ہی جائزہ لینے کے بعد ڈسپلنری کمیٹی اپنا فیصلہ سنائیگی۔
تبصرے بند ہیں.