اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب, پرچم کشائی

ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ پاکستانی ثقافت اور جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرتی رنگا رنگ پرفارمنسز پیش کی گئیں۔ معصوم بچوں نے علامہ اقبال کی مشہور زمانہ نظم لب پہ آتی ہے دعا پر مسحور کن پرفارمنس پیش کی۔ سارہ رضا اور شیراز اپل نے پرانے ملی نغموں سے تقریب کو گرما دیا۔ تقریب میں چئیرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، حزب اختلاف کے رہنمائوں، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، چئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، غیر ملکی سفیروں، سکولوں اور کالجز کے طلبا وطالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ سڑسٹھ ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا متقاضی ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنائینگے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنا ہو گا۔ قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے۔ اس پہچان کے حصول کیلئے ان گنت لوگوں نے اپنا لہو پیش کیا۔ آج کے دن ہم اپنے محسنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم نے آج اپنی غلطیوں کا ازالہ نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی۔ پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے مضبوط اور محفوظ ریاست کے نصب العین کے حصول میں پاکستانیوں کی مدد کا تہیہ کر رکھا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے پرچم کشائی کی۔ پشاور میں یوم آزادی کی تقریبات انتہائی سادگی سے منائی گئیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلٰی سید قائم علی شاہ مزار قائد کے احاطے میں پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پڑھا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تمام مسائل عوام کی طاقت سے ہی حل ہوسکتے ہیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ قوم کو جلد مسائل سے نکالیں گے۔ ایوان اقبال لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کشکول نہ توڑا تو خدانخواستہ آزادی گنوا بیٹھیں گے۔ معاشی آزادی کے بغیر سیاسی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے پرچم کشائی کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر انتہا پسندوں کو مذاکرات کی دعوت دی۔ پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس دوست محمد اور پولیس لائن میں صوبائی وزیرصحت شوکت یوسفزئی نے پرچم کشائی کی۔

تبصرے بند ہیں.