اسلام آباد،دہشتگردی کامنصوبہ ناکام،دھماکاخیزمواد،اسلحہ،جاسوسی آلات برآمد

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ ترنول پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ پولیس کے مطابق خیابان کشمیر میں گھر سے دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور جاسوسی کے آلات برآمد ہوئے ہیں۔ پکڑے گئے افراد میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے اسلام آباد میں تباہی پھیلانے کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔ گزشتہ جمعہ کی رات کو تھانہ ترنول کے علاقے خیابان کشمیر میں پولیس نے گھر کو گھیر لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران گھر سے بھاری مقدار میں دھماکا خیزمواد برآمد ہوا۔ پولیس نے گھر کے دوسرے حصوں کی تلاشی لی تو اسلحہ، ڈیٹونیٹرز اور جاسوسی کے آلات بھی نکل آئے۔ سرچ آپریشن کے دوران تین خواتین سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا،جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد تین منزلہ مکان کے خفیہ تہہ خانے میں رکھا گیا تھا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ اسلام آباد پولیس نے کچھ دن پہلے بھی بارہ کہو کے علاقے میں ایک ایسی ہی کوشش ناکام بنائی تھی، جب ایک گھر سے بارود سے بھری کار برآمد کر کے اسے ناکارہ بنایا گیا تھا

تبصرے بند ہیں.