اسرائیلی فوجوں کی بمباری ،مزید 101 فلسطینی شہید

وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 1650 ہوگئی ، اسرائیل نے بمباری کی ذمہ داری حماس پر ڈال دی

غزہ ( ) نہتے فلسطینیوں کے خون کے پیاسے اسرائیل نے ایک بار پھرطے شدہ جنگ بندی ختم کر کے غزہ کے باسیوں پر قیامت ڈھا دی ، اسرائیل کی جارحیت کے چھبیسویں روز کے آغاز میں ہی مزید 101 فلسطینی شہید ہوگئے ، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1650ہو گئی ۔ ایک بار پھر اسرائیل نے تمام اخلاقی اور قانونی حدود کو پھلانگتے ہوئے تین روزہ جنگ بندی کے بعد غزہ پر دوبارہ بمباری شروع کر دی ہے ۔ جنگ بندی کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد اسرائیلی فوج نے دوبارہ غزہ کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ۔ ہمیشہ کی طرح اسرائیل نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھرسارا ملبہ حماس پر ڈال دیا ہے ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے حماس نے ایک اسرائیلی فوجی کو پکڑا جس کے بعد جنگ بندی ختم کی گئی ۔ غزہ میں ہر طرف تباہی بربادی اور ویرانی چھائی ہوئی ہے۔ ۔اسرائیل جنگ بندی کی آڑ میں پہلے بھی کئی بار نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا چکا ہے ۔ بچے ہوں یا خواتین اسرائیلی بربریت سے کوئی بھی نہیں بچ سکا ہے ۔ اسرائیل ٹینکوں نے تازہ کارروائی میں غزہ کے علاقے جنوبی رفاہ کو نشانہ بنایا، شدید بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت چالیس فلسطینی شہید ہو گئے ۔ بعد میں اسرائیلی فورسز نے رفاہ امداد کیلئے جانے والے ٹرکوں کو بھی نشانہ بنایا ۔ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز نے موت بانٹنا شروع کر دی ہے ۔ تازہ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا، جس کے بعد شہدا کی تعداد بارہ ہوگئی ۔ امریکا نے حسب روایت جنگ بندی کی خلاف ورزی پر حماس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجی کی گرفتاری قابل مذمت ہے ۔ حماس نے اسرائیلی فوجی کی گرفتاری کی تردید کردی ہے، حماس کا کہناہے اسرائیلی فوجی کا بہانہ بنا کرمسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی میں مصروف ہے ۔ اسرائیلی بربریت کا مقابلہ کرنے کیلئے لبنانی تنظیم حزب اللہ سے مدد مانگ لی ہے ۔ –

تبصرے بند ہیں.