اجناس کی عالمی قیمتیں آئندہ سال بھی دباؤمیں رہیں گی، ورلڈبینک

واشنگٹن: ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ اجناس کی عالمی قیمتیں آئندہ سال بھی دباؤ میں رہیں گی جس کی وجہ بھاری ذخائر اور ایرانی تیل کی مارکیٹ میں واپسی ہے۔

گزشتہ روز جاری سہ ماہی کموڈیٹی سیکٹر رپورٹ میں عالمی بینک نے کہاکہ کرہ ارض کے جنوبی خطے میں غیرموافق موسمی حالات سے غذائی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے مگر اس کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھیں گی کیونکہ غذائی اجناس کے ذخائر کافی زیادہ ہیں۔ رپورٹ میں رواں سال خام تیل کی اوسط قیمتیں 52ڈالر فی بیرل رہنے کا امکان ظاہر کیا جبکہ دوسری سہ ماہی رپورٹ میں 57ڈالر فی بیرل رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ سال خام تیل کی عالمی قیمت اوسطاً 51 ڈالر فی بیرل رہے گی، مارکیٹ میں دباؤ کی بڑی وجہ ایرانی آئل کی واپسی کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق وافر ذخائر کے باعث تمام اہم غذائی اشیا کی قیمتیں 2015میں کم رہیں گی جبکہ چین وابھرتی معیشتوں کی طلب کمزور رہنے کی وجہ سے صنعتی اشیا کے نرخوں میں بھی کمی ہوگی۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ اشیائے خوراک کی عالمی قیمتیں رواں سال 15.2 فیصد کم ہوں گی اور آئندہ سال ان میں 1.5فیصد کا اضافہ ہوگا تاہم کموڈیٹی پرائسز میں کمی سے ابھرتی اورغریب معیشتوں کو نقصان ہوگا جن کا انحصار ایکسپورٹ پر ہے۔

تبصرے بند ہیں.