اتنا امن قائم تو کیا کہ لوگ ووٹ ڈالنے نکلے، نورالہدیٰ
کراچی: وزیراطلاعات سندھ نور الہدیٰ شاہ نے کہا ہے کہ نگراں حکومت نے اپنے2 ماہ کے دوران امن وامان کے قیام میں 100فیصد نہیں تو اس حد تک ضرور کامیابی حاصل کی کہ عوام بلا خوف ووٹ دینے کیلیے اپنے گھروں سے باہر نکلے۔ انتخابات میں دھاندلیوں سے نگراں حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔نگراں حکومت کا کام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کو تحفظ فراہم کرنا تھا ۔ ہمیں کوئی کنٹرول نہیں کر رہا تھا اور نہ ہی نگراں حکومت کسی سیاسی جماعت کی بی ٹیم تھی ۔ نگراں حکومت اپنی2 ماہ کی کارکردگی کی رپورٹ جلد عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ یہ بات انھوں نے نگراں حکومت کی کابینہ کے آخری اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔ نور الہدیٰ شاہ نے کہا کہ کرسیاں اور عہدے عوام کی امانت ہیں اوراس امانت کو اس کے اصل حقداروں تک پہنچانے میں100فیصد کامیاب ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ آئندہ2سے 3 روز میں نگراں حکومت منتخب نمائندوں کواقتدار سونپ دے گی اور ہم آنے والی حکومت سے امید رکھتے ہیں کہ وہ صوبے کے لیے کام کرے گی۔نگراں حکومت کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں تھی کہ وہ تمام مسائل کو حل کرے ۔نگراں حکومت نے اپنی جانب سے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپورکوشش کی ہے۔ نور الہدیٰ شاہ نے کہا کہ نگراں حکومت امن و امان کو کنٹرول کرنے میں ناکام نہیں ہوئی ہے اور لوگ 11مئی کو بڑی تعداد میں ووٹ دینے کیلیے اپنے گھروں سے نکلے ۔ اسی لیے ٹرن آؤٹ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انھوں نے کہا کہ پولنگ کا سامان پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچانا اور پولنگ اسٹیشنوں کے اندرکے معاملات الیکشن کمیشن کی ذمے داری تھے۔ ہماری نیتیں صاف تھیں، نگراں حکومت کی کامیابی کا سب سے بڑا سہرا نگراں وزیراعلیٰ کے سرجاتا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.