آئی سی سی ون ڈے رینکنگ؛آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ کا پہلا نمبر،سعید اجمل کی بھی ترقی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق محمد حفیظ ایک بار پھر آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت پہلے، آسٹریلیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور سری لنکا چوتھے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقا کا پانچواں، پاکستان کا چھٹا، نیوزی لینڈ کا ساتواں، ویسٹ انڈیز کا آٹھواں جبکہ بنگلہ دیش کا نواں نمبر ہے۔ اس کےعلاوہ زمبابوے اور آئر لینڈ بالترتیب دسویں اور گیارہویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ ایک روزہ طرز میں بیٹنگ کے شعبے میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر پروٹیز بلے باز ہاشم آملہ اور ابراہم ڈی ویلیئر موجود ہیں، تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سابق کپتان کمارا سنگاکارا، چوتھے پر بھارت کے ویراٹ کوہلی اور پانچویں نمبر پر انگلینڈ کے جوناتھن ٹروٹ موجود ہیں، ٹاپ ٹین بلے بازوں میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا اٹھواں نمبر ہے جبکہ عمر اکمل 16 پوزیشن پر موجود ہیں۔ بالنگ میں پہلی پوزیشن پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن اور بھارتی کھلاڑی وریندر جدیجا مشترکہ طور پر براجمان ہیں جبکہ زمبابوے کے خلاف 6 وکٹوں لینے والے جادوگر اسپنر سعید اجمل دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے 10 بہترین کرکٹرز کی فہرست میں پاکستان کے دو کھلاڑی شامل ہیں، گرین شرٹس میں پروفیسر کے نام سے مشہور محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے جبکہ بھارت کے روندرا جدیجا تیسرے نمبر پر براجمان ہیں اس کے علاوہ آل راؤنڈر کی فہرست میں بوم بوم آفریدی کا ساتواں نمبر ہے۔

تبصرے بند ہیں.