آئندہ 6 ماہ میں وسیع تر اپوزیشن اتحاد بن جائے گا، چوہدری شجاعت

لاہور: ق لیگ کے سربراہ سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ 6 ماہ سے قبل ہی ملک کے اندر وسیع تر اپوزیشن کا اتحاد عمل میں آجائیگا۔ ہفتے کو اپنے ایک انٹر ویو میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ ن لیگ نے ابھی تک اپنے ووٹروں کو شر مندگی کے سواکچھ نہیں دیا، صدارتی انتخاب میں عدالتی کارروائی کا اتنا فائدہ ضرور ہوا ہے کہ عمران خان کی آنکھیں کھل گئیں،اچھا ہوتا کہ عمران خان پیپلزپارٹی کے ذمے داران کی اپیل پر غور کرتے اور ان کی مان لیتے، کیونکہ مجھے نظر آرہا ہے کہ آنے والے وقت میں ایسی ہی اپیل لیکر عمران خان کو پیپلزپارٹی کی قیادت کے پاس جانا پڑے گا، ن لیگ چاہتی ہے ممنون صرف نواز شریف کے ممنون رہیں۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت نے توا پنی کارکردگی کیلیے 100 دن کی بات کی تھی لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ انھیں 6 ماہ ضرور ملنے چاہئیں، ڈلیور نہیں کر پائیں گے تو ایکسپوز ہو جائیں گے ۔ اب تک کی حکومتی کارکردگی نے تو خود ان کے اپنے ووٹرز کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ابھی تو انھوں نے انتقامی روش اوربدلہ چکانے کیلیے کی جانے والی پلاننگ پر عمل پیرا ہونا ہے اور ہمارے پاس ایسے شواہد پہنچ چکے ہیں، البتہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ وزیراعظم نوازشریف اس میں شریک ہیں یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو ساتھ لے کر ہی ملک کو استحکام کی منزل پر لیجایا جاسکتا ہے، دہشت گردی کی جڑیں کاٹنے کیلیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.