چوہنگ، پولیس اسکول میں مبینہ کرپشن، 678 غیر قانونی بھرتیاں
لاہور: پولیس ٹریننگ اسکول چوہنگ میں 678غیرقانونی بھرتیوںکا انکشاف ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب خان بیگ نے غیرقانونی بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی محمدعملیش کوواقعے کی انکوائری اورتمام اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے کاحکم دیدیاہے، غیرقانونی بھرتیوں کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی گئی ہے، ذرائع کے مطابق یہ بھرتیاںسابق کمانڈنٹ ٹریننگ اسکول کے دورمیں مبینہ طورپر لاکھوں روپے رشوت لے کرکی گئیں۔ ٹریننگ سینٹرکے افسران واہلکاروں نے شدیداحتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ سابق کمانڈنٹ اور وزیراعلیٰ انکوائری کمیٹی کے اہم رکن کے خلاف بھی اسی طرح کارروائی عمل میں لائی جائے۔تفصیلات کے مطابق کمانڈنٹ احمد مبارک نے آئی جی پنجاب خان بیگ کو ٹریننگ اسکول میں ہونے والی 678غیرقانونی بھرتیوں کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ بھجوائی ہے جس کے مطابق 211کانسٹیبل ڈرائیور، 178خاکروب، 83سابق فوجی، 57واشرمین، 17 فالور، ایک میسن، 2کارپینٹر اورایک مالی کو غیرقانونی طورپر بھرتی کیاگیا۔ ان میں 10افراد زائدالعمر ہیں جبکہ ایک اہلکارکے پاس پنجاب کاڈومیسائل ہی نہیں۔ بھرتی کے حوالے سے نہ تواشتہار دیاگیا، نہ ہی اس کی حکومت سے منظوری لی گئی۔
تبصرے بند ہیں.