آئی جی اسلام آباد کی بہو کے قتل میں گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم سے انکار کردیا

اسلا م آباد: آئی جی اسلام آباد پولیس کی بہو کے قتل میں گرفتار ملزمان نے عدالت میں اعتراف جرم سے انکار کردیا، عدالت نے میاں بیوی کو جیل بھجوادیا۔ پولیس نے آئی جی اسلام آباد پولیس بن یامین کی بہو وحیدہ خان قتل کیس میں گرفتار ملزم اور وحیدہ کے بھائی خالد اور بھابھی کو 2 روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کردیا جہاں دونوں ملزمان نے اعتراف جرم کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم خالد اور اسکی بیوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل بھجوادیا۔ واضح رہے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس بن یامین کی بہو وحیدہ بی بی عرف پلوشہ 19 مئی کو پشاور میں واقع اپنے میکے میں پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی تھیں، جس کے بعد مقتولہ کے بھائی خالد خان اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم پورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ وحیدہ بی بی کی موت کی وجہ تشدد یا زہر نہیں ہے ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی جس کے بعد پولیس نے 10جولائی کو تھانہ یو نیورسٹی ٹاون میں کیس کی ایف آئی آر درج کرکے مقتولہ کے بھائی خالد اور اس کی بیوی فوزیہ کو گرفتار کرلیا۔

تبصرے بند ہیں.