وفاقی حکومت نے 14مئی کو الیکشن کے فیصلے پرنظرثانی کی استدعا کردی

پنجاب میں انتخابات کرانےکے فیصلےکے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیا۔وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے پرنظرثانی کی استدعا کی ہے۔وفاقی حکومت نے اپنے جواب میں کہا ہےکہ آزادانہ اورشفاف انتخابات کروانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، سپریم کورٹ نے خود تاریخ دے کر الیکشن کمیشن کے اختیار کو غیر مؤثر کر دیا، پنجاب میں انتخابات پہلے ہوئے تو قومی اسمبلی کے انتخابات متاثر ہونےکا اندیشہ ہے۔وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والا صوبہ ہے، پنجاب میں جیت سے یہ تعین ہوتا ہے کہ مرکز میں حکومت کون کرے گا، پنجاب میں انتخابات قومی اسمبلی کے ساتھ ایک ہی وقت میں ہونے چاہئیں ، سپریم کورٹ اپنے 4 اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کرے ۔دوسری جانب نگراں پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں فوری انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔قبل ازیں سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے تھے۔

تبصرے بند ہیں.