ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کے قتل میں ملوث 6 ملزمان گرفتار،پولیس کا دعویٰ
کراچی: پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی سمیت 25 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 6 ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں مقابلے کے دوران 6 افراد کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 3 خودکش جیکٹس،12 دستی بم ، 9 ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، چوہدری اسلم کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان کی شناخت طلحہٰ بن بدر، محمد عاصم، قاسم علی، عبید الرحمان، محمد فرحان اور محمد شہاب کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی کے نعیم بخاری کروپ سے ہے، ملزم محمد عاصم پولیس کا برطرف اہلکار ہے جو کچھ ہی عرصے قبل جیل سے رہا ہوا۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزمان متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے جوان سال بیٹے کے قتل میں ملوث ہیں ، ملزمان نے مقتولین کے ہمراہ ہی نماز جمعہ ادا کی جس کے بعد انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور پھر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے، اس کے علاوہ ملزمان نے سید سبط جعفر سمیت کئی اہل تشیع افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے
تبصرے بند ہیں.