وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، عالمی مالی امداد کی پائی پائی شفافیت سے استعمال کریں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنیوا کانفرنس انتہائی کامیاب رہی، کانفرنس کی کامیابی قوم کی دعاؤں اور اخلاص کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری تک کوششیں جاری رکھیں گے، ایک ایک پائی کو شفافیت کے ساتھ استعال کرنا ہے، بال اب ہمارے کورٹ میں ہے، رقم کو عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح پر استعمال کریں گے، اب ہماری باری ہے اور ہم نے شبانہ روز محنت کر کے یہ پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ کرنا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا جنیوا کانفرنس کے دوران مجموعی طور پر 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے، سب سے بڑی امداد کا اعلان اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کا کیا گیا، ورلڈ بینک نے 2 ارب ڈالر اور ایشین انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک نے 1 ارب ڈالر کا اعلان کیا، اے ڈی بی نے 500 ملین ڈالر کا اعلان کیا، اٹلی نے 23 ملین یورو اور جاپان نے 77 ملین ڈالر کا اعلان کیا جبکہ قطر کی جانب سے 25 ملین ڈالر کی رقم کا اعلان کیا گیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے 1 ارب ڈالر کا اعلان کیا گیا، سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، امریکا کی جانب سے بھی 100 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو، اسحاق ڈار، شیری رحمان، احسن اقبال کی کوششوں کا شکر گزار ہوں، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی کوششیں قابل تحسین ہیں، اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی اداروں کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، سیاسی مخالفین نے قوم میں زہر گھولا اور انہیں تقسیم در تقسیم کیا، زہر گھولنے کے باوجود جنیوا میں وفاق نہیں، صوبے موجود تھے۔
تبصرے بند ہیں.