بیوریجز کمپنیوں کیلیے 10جولائی سے کپیسٹی ٹیکس لازمی قرار

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مشروبات تیار کرنے والی بیوریجزکمپنیوں کیلیے دس جولائی سے کپیسٹی ٹیکس کو لازمی قراردیدیا ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے گزشتہ رات باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت بیرویجز سیکٹر سے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی جگہ کپیسٹی ٹیکس وصولی کے رُولز جاری کیے گئے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نوٹیفکیشن کے مطابق کپیسٹی ٹیکس ادا کرنے والی بیوریجز کمپنیاں آڈٹ سے مُستثنٰی ہونگی رُولز میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے بیوریجز کمپنیوں کی مشینوں کی چیکنگ کی جائے گی جس میں ان مشینوں کی پیداواری صلاحیت کا تعین کیا جائیگا اور بیوریجز کمپنیوں میں نصب مشینوں کی جو پیداواری صلاحیت ہوگی۔اس کے مطابق ہر بیوریج کمپنی پر کپیسٹی ٹیکس عائد ہوگا رُولز میں مزید بتایا گیا ہے کہ دس جولائی سے نافذ کیا جانیوالا کپیسٹی ٹیکس تمام بیرویجز کمپنیوں کیلیے لازمی ہوگا جبکہ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ماضی میں بیوریجز سیکٹر کیلیے جو کپیسٹی ٹیکس متعارف کروایا گیا تھا وہ لازمی نہیں تھا بلکہ آپشنل تھا ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ بیوریجز سیکٹر کیلیے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی جگہ کپیسٹی ٹیکس متعارف کروانیکا بنیادی مقصد بیوریجز سیکٹر سے مطلوبہ صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی کو یقینی بنانا ہے اور اس اقدام سے ایف بی آر کو بیوریجز سیکٹر سے کروڑوں روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.