اسلام آباد: تحریک انصاف کا لانگ مارچ آج چوتھے روز کامونکی سے شروع ہوگیا ہے جو رات تک گوجرانوالہ پہنچے گا۔عمران خان کامونکی سے موڑ ایمن آباد پہنچیں گے اور وہاں سے گوجرانوالہ میں چن دا قلعہ جائیں گے۔عمران خان نے کامونکی میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، چیف جسٹس اعظم سواتی کے ساتھ ساتھ شہباز گل کا بھی کیس سنیں، جو صحافی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر دس ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا چیف الیکشن کمشنر سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں بیٹھا، تم شریف خاندان کے گھر کے نوکر ہو، الیکشن کمیشن نے مجھے نااہل قرار دیا، میری دیانت داری پر سوال اٹھایا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج میری نااہلی ختم کردی۔انہوں نے کہا کہ سب کو نظر آ رہا ہے انقلاب کتنی تیزی سےاسلام آباد کی طرف بڑھ رہا ہے، شہباز شریف میں پیغام ان کو دے رہا ہوں جنہوں نے تمھیں اجازت دی اوپر بیٹھنے کے لیے، جو بھی چوروں کے ساتھ ملے گا وہ ان کے ساتھ رنگا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں، جنہوں نے چوروں کو ہم ہر مسلط کیا، جن کے پاس اختیار ہے، دیکھ لیں آج قوم کہاں کھڑی ہے، اسٹیبشلمنٹ اپنے ملک کی قوم کیخلاف کھڑی نہیں ہوتی، آپ نے ان چوروں شریف اور زرداری خاندانوں کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر مسلط کردیا، بند کمروں میں فیصلہ کرتے ہیں، پہلے فیصلہ کیا یہ چور ہیں پھر پاک کردیا پھر کہا چور ہیں پھر پاک کردیا، تاکہ قوم دوبارہ ان کے پیچھے لگ جائے، خدا کے واسطے ہمیں جانور نہ سمجھو ،ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہم انسان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اگر میری موت لکھی ہے تو مجھے ارشد شریف والی موت دے گیدڑ والی موت نہ دے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی نئی حکمت عملی طے کرلی گئی۔ مارچ کے اگلے شیڈول سے سندھ، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی قیادت کو بھی آگاہ کردیا گیا۔چاروں صوبوں کی قیادت اور منتظمین کو جمعہ کی صبح روات یا اسلام آباد کے قریب پہنچنے کے احکامات دیدیے گئے۔پی ٹی آئی سندھ کا قافلہ آج کراچی سے براستہ حیدر آباد، حیدر آباد، سکھر، ملتان موٹروے سے اسلام آباد پہنچے گا۔عوام کو زیادہ سے زیادہ شریک کرنے کے لئے جی ٹی وی روڈ کے ملحقہ قصبوں، شہروں میں بھی لانگ مارچ کا مختصر قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج شام تک لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچے گا جہاں عمران خان کے خطاب کیساتھ قیام ہوگا۔ اگلی منزل کل وزیر آباد ہوگی اور رات تک گجرات پہنچے گا۔بدھ والے دن گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے دور دراز کے کچھ اضلاع کے قافلے اپنا سفر شروع کریں گے۔ جمعرات کو عمران خان جہلم یا گوجرخان میں لانگ مارچ کے ہمراہ قیام کرینگے۔جمعرات کو ہی جنوبی پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے قافلے راولپنڈی کی جانب روانہ ہونگے۔ جمعہ کو روات سے راولپنڈی شہر پہنچ کر قافلہ اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.