ظلم کے پہاڑ ٹوٹ گئے، اسرائیلی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ، 6 فلسطینی شہید

اسرائیل فوج نے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے، فلسطین پر قابض صیہونی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 6 نوجوانوں کو شہید کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارےکے علاقے نابلس میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر چھاپے مارے اور متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ اسی دوران اسرائیلی فوج نے ایک مقام پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے 6 فلسطینی نوجوان شہید اور 21 زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 14 سے 34 سال کے درمیان ہے اور یہ سب نہتے تھے۔فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ قابض فوج نے گولی لگے نوجوانوں کو مرنے کے لیے سڑک پر چھوڑ دیا۔ اگر بروقت لایا جاتا تو نوجوانوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔اسرائیلی فوج کی اس کھلی جارحیت پر بڑی تعداد میں سیکڑوں فلسطینی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی فورسز کے مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔واضح رہے کہ فلسطین پر 1967 سے اسرائیل جبری طور پر قابض ہے اور آزادی کی جدوجہد کو کچلنے کے لیے طاغوتی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ رواں برس فوجی کارروائیوں میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.