پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے میچ میں امپائر کے متنازع فیصلے پر سوالات اٹھائے گئے جس میں محمد نواز کی نو بال اور کوہلی کے فری ہٹ پر بولڈ ہونے کے بعد رنز بنانے پر پاکستانی سمیت غیر ملکی کرکٹرز نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ ایلیٹ بھی اس حوالے سے ناخوش نظر آئے تھے۔
اب آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ سابق امپائر سائمن ٹفل نے بھی امپائر کے فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سائمن ٹفل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مجھ سے لاتعداد افراد نے ویرات کوہلی کے فری ہٹ پر بولڈ ہونے کے بعد لیے جانے والے رنز سے متعلق سوالات کیے۔
سائمن ٹفل نے کہا کہ آئی سی سی کی پلیئنگ کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے امپائر نے اس وقت درست فیصلہ کیا۔
سابق امپائر کا کہنا تھا کہ فری ہٹ پر اسٹرائیکر کو بولڈ آؤٹ قرار نہیں دیا سکتا اس لیے اسٹمپ پر لگنے والی بال ڈیڈ نہیں ہوگی، یہ بال اس وقت کھیل کا حصہ ہوگی اس لیے اس تمام صورتحال میں قانون کو دیکھتے ہوئے بائز کے رنز میرے لیے غلط نہیں۔
تبصرے بند ہیں.