جیم اینڈ جیولری نمائش منسوخ کرانے کے لئے سرگرمیاں تیز
کراچی: جیم اینڈجیولری سیکٹر کے بڑے ایکسپورٹرز اور آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے پاکستان جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے تحت ستمبر میں ہونے والی نمائش منسوخ کروانے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزارت صنعت و پیداوار سے رجوع کرلیا ہے۔ آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ خان جتوئی کو گزشتہ روز ارسال کردہ ایک خط کے ذریعے جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی نمائش کے ذریعے لاکھوں روپے کے اخراجات کو غیرضروری قرار دیتے ہوئے ڈیولپمنٹ کمپنی کے تحت ستمبر میں ہونے والی نمائش کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارت تجارت کے تحت 26سے 29ستمبر کو کراچی ایکسپو سینٹر میں ایک قومی نمائش ایکسپو پاکستان منعقد کی جارہی ہے، اس نمائش میں آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے تحت خصوصی پویلین قائم کیا جارہا ہے، جس میں انڈسٹری کی سرفہرست کمپنیاں اور بڑے ایکسپورٹرز شرکت کررہے ہیں، دوسری جانب جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی نے بھی بالکل ان ہی تاریخوں میں کراچی کے ایک ہوٹل میں جیم اینڈ جیولری سیکٹر کی ایک نمائش منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر لاکھوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔ایک ہی وقت میں ایک ہی شہر میں ایک ہی سیکٹر کے لیے دو الگ الگ نمائشیں حکومت کی پالیسیوں کے برعکس وسائل اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے مخصوص فنڈز کا ضیاع ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایکسپو پاکستان میں ہونے والی نمائش جیم اینڈ جیولری سیکٹر میں پاکستانی مہارت اور صلاحیت کو اجاگر کرنے اور ایک ہی ایونٹ میں دنیا کے بے شمار ملکوں کے غیرملکی خریداروں سے رابطہ کرنے کا اہم اور موثر ذریعہ ہے، اس لیے فوری طور پر وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کے ادارے جیم اینڈجیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے تحت ستمبر میں کراچی میں ہونے والی نمائش منسوخ کی جائے۔ ادھر جیم اینڈ جیولری سیکٹر کے ذرائع کے مطابق متعدد بڑے اور معروف ایکسپورٹرز نے وزیر اعظم ہاؤس کو بھی خطوط روانہ کیے ہیں جن میں سرکاری وسائل اور پبلک منی کے ضایع کی جانب نوٹس دلاتے ہوئے جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی نمائش منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.