بارٹولی ومبلڈن چیمپئن، سبائن لیسکی کے خواب بکھر گئے

لندن: ومبلڈن میں ویمنز سنگلز چیمپئن بن کر ماریون بارٹولی نے جرمن پلیئر سبائن لیسکی کے خواب بکھیردیے۔ انھوں نے 80 منٹ جاری رہنے والی معرکہ آرائی میں 6-1، 6-4 سے کامیابی پائی، 28 سالہ فرنچ اسٹارپہلی مرتبہ گرینڈ سلم جیتنے والی پانچویں عمررسیدہ پلیئر بن گئیں، انھوں نے یہ کارنامہ اپنے 47ویں میگا ایونٹ میں انجام دیا، ان سے قبل یہ منفرد ریکارڈ جانا نووٹنا کے نام تھا جنھوں نے 1998 میں 45 گرینڈ سلم کھیلنے کے بعد ومبلڈن ٹرافی اپنے نام کی تھی، بارٹولی کو 6 برس قبل ومبلڈن فائنل میں وینس ولیمز نے شکست دی تھی، وہ دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے کے بعد ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئیں، فتح کے بعد وہ پلیئرز باکس میں موجود اپنے والد اور کوچ امیلی موریسمو کی جانب گئیںاس موقع پر خوشی سے سرشار پلیئر نے کہا کہ مجھے ابھی تک اپنی جیت کا یقین نہیں آرہا لیکن مجھے ان لمحات کا کب سے انتظار تھا بتا نہیں سکتی، ومبلڈن جیتنے کا میرا خواب حقیقت میں بدل گیا، میں 2007 میں یہ موقع کھوبیٹھی تھی، مجھے پورا یقین ہے کہ جرمن پلیئر سبائن لیسکی ایک مرتبہ پھر اس اختتامی تقریب کا حصہ بنے گی، دوسری جانب شکست کے بعد جذباتی سبائن لیسکی کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے، 23ویں سیڈ جرمن پلیئر بھی کیریئر کا پہلا گرینڈ سلم پانے کی آس لگائے بیٹھی تھیں لیکن فائنل میں خواب بکھرنے کے بعد جذبات پر قابو نہیں رکھ پائیں۔ حواس بحال ہونے پر انھوں نے کہا کہ فتح کا کریڈٹ بارٹولی کو جاتا ہے، انھوں نے مجھ سے بہتر کھیل پیش کیا، بلاشبہ وہ اس فتح کی حقدارتھیں، مجھے امید ہے کہ میں ٹائٹل جیتنے کا ایک اور موقع حاصل کر پاؤں گی، لیسکی نے 5 مرتبہ کی چیمپئن اور اعزاز کا دفاع کرنے والی سرینا ولیمز کو چوتھے راؤنڈ میں شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.