نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا،.مہمان ٹیم 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچزکھیلنے پاکستان آئے گی۔دسمبر کی 27 تاریخ سے 15 جنوری تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گی، دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔اس دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں،.سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی جبکہ دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا، تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 وائٹ بال میچز کھیلے گی، دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔دوسرے مرحلے کے ابتدائی چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔پانچواں ٹی 20 اور ابتدائی دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے.دورے میں شامل آخری 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 4 اور 7 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ نے کہا ہے کہ بلیک کیپس شدت سے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات بہت پرانے ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان نے انہیں تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے معیار اور چیلنج سے بخوبی آگاہ کر رکھا ہے۔ڈائریکٹرانٹرنیشنل پی سی بی نے بیان میں کہا کہ نیوزی لینڈ ایک بہترین ٹیم ہے اور ان کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو بہت فائد ہوگا، ان بڑی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو تمام طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشن حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
تبصرے بند ہیں.