بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس روکنے کے حکم میں توسیع

کےالیکٹرک کے ذریعے ٹیکس کی وصولی ایک شفاف عمل ہے، ساڑھے 7 لاکھ لوگوں نے یہ ٹیکس دیا جس سے ساڑھے 6 کروڑ روپے جمع ہوئے: مرتضیٰ وہاب

سندھ ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت  ہوئی جس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب عدالت میں پیش ہوئے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عدالت نے پوچھا تھاکسی تیسرےفریق کےذریعے ٹیکس اکٹھا کیا جا سکتا ہے یانہیں ،سیکشن 100 میں بتایا گیا ہے کہ تیسرے فریق کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔

اس پر جسٹس اطہر رضوی نے کہا کہ اس کیس میں صلاح الدین احمد، فیصل صدیقی اور عمر سومرو کو عدالتی معاون مقرر کردیتے ہیں، اس  پر کے الیکٹرک کے وکیل نے اعتراض کیا کہ صلاح الدین اور فیصل صدیقی نےکےالیکٹرک کیخلاف درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔

عدالت  نے سینئر  قانون دان خالد جاوید اور منیر اے ملک کو عدالتی معاون مقرر کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کےالیکٹرک کے ذریعے ٹیکس کی وصولی ایک شفاف عمل ہے، ساڑھے 7 لاکھ لوگوں نے یہ ٹیکس دیا جس سے ساڑھے 6 کروڑ روپے جمع ہوئے۔

عدالت  نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی روکنے کے اپنے حکم  میں آئندہ سماعت  تک توسیع  کردی اور مزید سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے بند ہیں.