وزیراعظم نے لائن لاسز اور بجلی چوری روکنے کےلئے چینی ماہرین سے تعاون مانگ لیا
چین/ گوانگ ژو: وزیراعظم میاں نواز شریف نے ملک میں لائن لاسز اور بجلی چوری روکنے کے لئے چینی ماہرین سے مدد مانگ لی ہے۔ چینی صوبے گوانگ ژو میں چائنہ سدرن پاور گرڈ کے دورے کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے جس کے حل کے لئے گزشتہ حکومتوں نے کوئی اقدام نہیں کئے تاہم امید ہے کہ موجودہ حکومت چین کے تعاون سے اس پر قابو پالے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لائن لاسز اور بجلی چوری کو روکنے کے لئے چینی ماہرین کی معاونت کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سیکریٹری جنرل ہین ژینگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ملک کو بجلی کے بحران کا سامنا ہے، اس لئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ اس سلسلے میں چینی کمپنیوں کی جانب سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔
تبصرے بند ہیں.