کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے خاتون سمیت 5 افراد کو موت کی نیند سلادیا۔ سبزی منڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افرد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 افراد دم توڑ گئے جبکہ تیسرے کی حالت بھی تشویشناک ہے،کورنگی انڈسٹریل ایریا میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 35 سالہ نصراللہ کے نام سے ہوئی ، مقتول جامعہ مسجد نور کے پیش امام اور مہران ٹاون کے رہائشی تھے ، پولیس کے مطابق نصراللہ کو ذاتی دشمنی کی بناپر قتل کیا گیا ۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے سکھن ميں ملزم سیفل نے فائرنگ کرکے 24 سالہ دل نواز اور اس کے بھانجے محمد عمران کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.