عمران خان نے سابق امریکی سفارتکار رابن رافیل سے ملاقات کی تصدیق کردی

نجی ٹی وی کو انٹرویو  دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ رابن رافیل کو پرانا جانتا ہوں، وہ امریکی حکومت کے ساتھ نہیں تھنک ٹینک کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہمارے بالکل ٹھیک تعلقات ہونے چاہئیں، مگر ہمیں استعمال نہ کیا جائے، میری امریکا سے کوئی ٹینشن نہیں تھی، باہمی تعلقات میں مسائل آتے ہیں، حل ہو جاتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ کُٹی ہو جاتی ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سابق خاتون امریکی سفارت کار رابن رافیل نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان سے رابن رافیل کی ملاقات بنی گالا میں ہوئی جس میں سینیٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رابن رافیل امریکاکی سابق سفارتکار اور سی آئی اے تجزیہ کار اور لابسٹ ہیں اور وہ 1993 میں اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ جنوبی و سطی ایشیائی امور تھیں۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری بھی پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کر چکے ہیں اور ان کی ملاقات 8 ستمبر کو امریکی سفارت خانہ میں ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے عمران خان اور رابن رافیل کی ملاقات کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ ملاقات تین سال پہلے ہوئی لیکن گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بولے اس بارے میں عمران خان سے بات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھاکہ رابن رافیل اگر یہاں ہیں یا آئیں گی تو ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں، وہ ریٹائر ہوچکی ہیں، ان کا امریکی حکومت سے کوئی لین دین نہیں۔

تبصرے بند ہیں.