اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے سیلاب سے متاثرہ نوشہرہ کا دورہ کیا ہے دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے. وزیراعظم شہبازشریف نے آج خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورسیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے نوشہرہ میں قائم کیے گئے امدادی کیمپ کادورہ بھی کیا، اس موقع پر انہیں نوشہرہ میں سیلاب کی صورتحال، ریسکیو اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی.
وزیرِ اعظم شہباز شریف کانوشہرہ میں مردان پُل پرسیلاب کی صورتحال کا جائزہ
مردان پُل پر وزیرِ اعظم کو دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اورجاری ریسکیوکاروائیوں پر تفسیلی بریفنگ
وزیرِ اعظم کی لوگوں کومحفوظ مقامات پر پہنچانے اورریسکیوکیلئے تمام تروسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایات pic.twitter.com/X47OTrjbgt
— Prime Minister's Office (@PMO_PK) August 29, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے نوشہرہ میں مردان پل پر سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور فوری ریسکیو کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایات کیں. ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جس کے دوران وہ ششیکوہ، زیریں چترال، بریپ، بالائی چترال اور تیمرگرہ جائیں گے اس ضمن میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور عوام کے درمیان رہ کر عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں.
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں اگلے 5 سے 6 گھنٹوں کے دوران مزید کمی کا امکان ہے خیبرپختونخوا فلڈ سیل کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی سطح میں 41 ہزار کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اب اس مقام سے 2 لاکھ 96 ہزار 731 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے. فلڈ سیل نے بتایا کہ دریائے کابل میں گزشتہ روز نوشہرہ کے مقام پر سیلابی پانی کا بہاو¿ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک سے زائد تھی جبکہ ورسک کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب تھا تاہم اب دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر اس وقت 1 لاکھ 3 ہزار 614 کیوسک جبکہ ادینزئی پل کے مقام پر 54 ہزار 495 کیوسک پانی گزر رہا ہے.
دوسری جانب دریائے سندھ میں ایک مرتبہ پھر اونچے درجے کا سیلاب ہے البتہ اٹک‘خیرآباد کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے فلڈ سیل کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ میں اٹک کے مقام پر 4 لاکھ 97 ہزار 100 کیوسک، چشمہ کے مقام پر 5 لاکھ 19 ہزار 362 کیوسک، تربیلہ کے مقام پر 2 لاکھ 68 ہزار 900 کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے. رپورٹ کے مطابق دریائے سوات میں منڈا ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں سے 40 ہزار 805 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے علاوہ ازیں چارسدہ خیالی کے مقام پراس وقت 40 ہزار 201 کیوسک پانی کا گزر ہے، دریائے شاہ عالم میں تخت آباد کے مقام پر درمیانی درجے کا سیلاب ہے جہاں سے 10 ہزار 70 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے.
انتظامیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیلاب کے سبب پھنس جانے والے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ جاری ہے ٹور آپریٹر عاقب نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے وادی کمراٹ میں پھنسے ہوئے مزید 35 سیاحوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے شرینگل یونیورسٹی پہنچایا گیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں. انہوں نے کہا کہ ان کی ٹور ایجنسی کے تحت آنے والے متعدد سیاح اب بھی کمراٹ میں پھنسے ہوئے ہیں .
تبصرے بند ہیں.