لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کے بعد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر اور نیوزی لینڈ کے جارحانہ مزاج بیٹر کولن منرو بھی پاکستان جونئیر لیگ کی ٹیموں کے مینٹورز مقرر ہوگئے۔پانچ نامور کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق بیٹر جاوید میانداد کو پہلے ہی ٹورنامنٹ کا مینٹور مقرر کیا جاچکا ہے جبکہ ایونٹ کی چھٹی ٹیم کے لیے مینٹور کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن 4 سے 17 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔عمران طاہر نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 1998 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی تاہم وہ 2005 میں جنوبی افریقہ منتقل ہوئے اور 2011 میں وہاں سے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کا آغاز کردیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 20 ٹیسٹ، 107 ون ڈے اور 38 ٹی ٹونٹی میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے کُل 293 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں۔کولن منرو نے 65 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی، اس دوران انہوں نے تین سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جارحانہ مزاج بیٹر 57 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں کھیلنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔دوسری جانب جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ لاہور ان کا آبائی شہر ہے اور پاکستان جونئیر لیگ میں ٹیم مینٹور کی حیثیت سے شرکت کے لیے لاہور واپسی پر بہت خوش ہوں، لیگ کے فلسفے کی مکمل حمایت کرتا ہوں کیونکہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے مکمل اظہار کے لیے ایک سخت اور مشکل ماحول فراہم کرے گا۔اس موقع پر کولن منرو نے کہا کہ لیگ پاکستان کی کرکٹ میں گیم چینجر ثابت ہوگی، نوجوانوں میں سرمایہ کاری، کھیل کے مستقبل کو محفوظ اوراپنی قومی ٹیموں کی ترقی کو یقینی بنانا تمام منتظمین کا مقصد ہونا چاہیے۔
تبصرے بند ہیں.