اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں، ہم نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے باوجود مہنگائی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالاتھا، چوروں نے خود کو ریلیف دینے کیلئے عوام کو مہنگائی میں دھکیل دیا۔تفصلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں 2 جولائی کو تاریخی جلسے کے انعقاد پر گفتگو کی گئی اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی ذمہ داروں کو مہنگائی پر عوام کی ترجمانی کی خصوصی ہدایت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے اور 2018 میں پی ٹی آئی کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی۔انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی کڑی شرائط کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا تھا لیکن امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتے میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے اور میں نے کہا تھا کہ کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدم استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔عمران خان نے مزید کہا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر سازش کے خلاف احتجاج کریں گے جبکہ پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لیے واحد راستہ انتخابات ہیں۔
تبصرے بند ہیں.